بھارتی شہر کلکتہ میں شدید بارشوں کے بعد 39 سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کلکتہ اور اطراف کے علاقوں میں گزشتہ روز شدید بارش ہوئی جس نے بارش کا 39 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کلکتہ شہر اور اطراف میں 251 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور آخری مرتبہ اس طرح کی بارش سال 1986 میں ہوئی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شدید بارش کے بعد شہر مفلوج ہے، تعلیمی ادارے 2 روز کے لیے بند کردیے گئے ہیں، سڑکیں زیر آب آگئیں، شہری ٹرانسپورٹ نظام اور ریلوے سروس متاثر ہے جبکہ کئی پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں کے بعد ہونے والے حادثات میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں سے 8 لوگوں کی موت کرنٹ لگنے سے ہوئی۔