بالی ووڈ کے معروف فلمساز ابھینو کشیپ نے انکشاف کیا ہے کہ اداکار رنبیر کپور نے فلم بےشرم میں سوناکشی سنہا کے ساتھ کام سے منع کر دیا تھا، وہ کترینہ کیف کے ساتھ کام کرنا چاہتے تھے اسلیے انھوں نے مجھ سے کہا کہ کترینہ کو کاسٹ کروں۔
یاد رہے ہدایتکار ابھینو کشیپ بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان اور انکے خاندان کے حوالے سے الزامات پر مبنی ریمارکس کے باعث ویسے ہی چند روز خبروں کی شہ سرخیوں میں ہیں، جن میں انھوں نے سلمان خان کو غنڈہ کہنے کے ساتھ انکے خاندان کے بارے میں کہا تھا کہ وہ دبنگ فلم کا کریڈٹ خود لینا چاہتے تھے۔
ایک بھارتی میڈیا ادارے سے حالیہ انٹرویو میں ابھینو کشیپ نے بتایا کہ رنبیر کپور نے بے شرم میں سوناکشی سنہا کے ساتھ کام سے انکار اور کترینہ کیف کے ساتھ کام کے لیے اصرار کیا اور مجھ پر زور دیا کہ میں کترینہ کو کاسٹ کروں وہ فلم کام کرنا چاہتی ہیں، انھیں موقع دوں۔
اس پر میں نے رنبیر سے کہا کہ اس پارٹ کے لیے کترینہ موزوں نہیں، مجھے دہلی کی ایک پنجابن چاہیے۔ کترینہ کو اپنے ہندی لب و لہجہ کی درستگی پر کام کرنا چاہیے۔
ابھینو کشیپ نے کہا کہ میں نے رنبیر کو بتایا وہ کترینہ کی ساری فلمیں دیکھ لیں، ان میں وہ یا تو نان ریذیڈنٹ انڈین یا پھر غیر ملکی لگتی ہیں کیونکہ وہ ہندی میں بات نہیں کرسکتیں اسکی وجہ یہ ہے کہ کترینہ نے غیرممالک میں تعلیم حاصل کی یا وہ باہر رہیں۔
ہدایتکار نے مزید کہا کہ انھیں ذاتی طور پر کترینہ سے کوئی مسئلہ نہیں، میں نے کترینہ سے پہلے کہا بھی تھا کہ جس دن انکے پاس کسی نان ریذیڈنٹ انڈین کا اسکرپٹ ہوا تو وہ پہلی ترجیح انھیں ہی دینگے۔