کولڈ پلے کنسرٹ اسکینڈل نے ایک نیا رخ اختیار کرلیا ہے، سابق ایچ آر ایگزیکٹو کرسٹن کیبوٹ کے شوہر اینڈریو کیبوٹ کا بھی اسی کنسرٹ میں دوسری خاتون کے ساتھ موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔
کرسٹن کیبوٹ اور کمپنی کے سی ای او اینڈی بائرن کو اسٹیج کی بڑی اسکرین پر ایک ساتھ بیٹھے دیکھا گیا تھا، ان کے اچانک اسکرین سے ہٹنے پر قیاس آرائیاں بڑھیں اور ان پر ناجائز تعلقات کے الزامات لگنے لگے۔
تاہم دی ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق کرسٹن اور ان کے شوہر اینڈریو پہلے ہی کئی ہفتوں سے علیحدہ رہ رہے تھے، اینڈریو بھی دراصل اسی کنسرٹ میں اپنی موجودہ گرل فرینڈ کے ساتھ ایک اور باکس میں موجود تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کرسٹن چھپ نہیں رہی تھیں اور نہ ہی کسی کو دھوکہ دے رہی تھیں، وہ اور ان کے شوہر پہلے ہی الگ ہو چکے تھے۔
اس تنازع کے بعد کرسٹن کیبوٹ اور اینڈی بائرن دونوں نے اپنی کمپنی سے استعفیٰ دے دیا تھا، کرسٹن کیبوٹ نے اگست میں باضابطہ طور پر طلاق کے لیے درخواست دے دی تھی، اینڈریو کیبوٹ کے ترجمان نے بھی تصدیق کی کہ دونوں کی علیحدگی کنسرٹ سے پہلے ہی ہو چکی تھی۔