• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’جن کی شادی ان کی شادی‘ کی کہانی میری تخلیق ہے: شمعون عباسی کا دعویٰ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

اداکار، ہدایت کار، پروڈیوسر اور لکھاری شمعون عباسی نے نجی ٹی وی کے مشہور ہارر کامیڈی ڈرامے ’جن کی شادی ان کی شادی‘ سے متعلق دعویٰ کیا ہے کہ اس ڈرامے کی اصل کہانی اور عنوان میری اپنی تخلیق ہے۔

شمعون عباسی نے سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ میں نے یہ کہانی خود تحریر کی تھی اور چار ماہ تک اس پر محنت کی، مگر اس کے باوجود بطور مصنف مجھے کریڈٹ نہیں دیا گیا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ میں چاہتا تھا کہ اس ڈرامے کی ہدایت کاری بھی خود کروں، تاہم بعد میں یہ موقع سیفی حسن کو ملا جنہوں نے بہترین انداز میں اس کی ڈائریکشن دی۔














انہوں نے مزید کہا کہ اسکرپٹ کی کاپیوں پر میرا نام موجود تھا جو فنکاروں کو دی گئیں، لیکن ڈرامہ آن ایئر ہونے پر میرا ذکر بطور لکھاری شامل نہیں کیا گیا، اس کے باوجود میں اس بات پر خوش ہوں کہ ناظرین نے میرے تخلیقی تصور کو پسند کیا۔

شمعون عباسی کا کہنا تھا کہ میں نے اس تجربے سے یہ سبق سیکھا کہ اپنی محنت اور آئیڈیاز کسی منصوبہ بندی کے بغیر دوسروں کے سپرد نہیں کرنے چاہئیں، میں شروع سے لکھاری ہوں اور اپنے کیریئر کے آغاز سے یہ کام کرتا آیا ہوں۔

انہوں نے واضح کیا کہ میری یہ پوسٹ کسی تنازع یا جھگڑے کے لیے نہیں بلکہ صرف آگاہی کے مقصد سے ہے، تاہم اگر کبھی معاملہ تنازع کی شکل اختیار کرے تو میرے پاس اس کے تمام ثبوت موجود ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ میں اس بات پر مطمئن ہوں کہ اس پروجیکٹ نے ڈرامہ انڈسٹری میں ایک نیا اور تازگی بھرا رنگ متعارف کروایا ہے، جو آج کل کے یکسانیت بھرے ڈراموں کے ماحول میں خوش آئند ہے۔

یاد رہے کہ اب تک ڈرامے کی چھ اقساط نشر ہوچکی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید