پاکستان انڈر 12 ٹینس ٹیم نے قازقستان میں جاری اے ٹی ایف انڈر 12 انٹر کونٹینینٹل چیمپئن شپ میں نیوزی لینڈ کو 2 ۔1 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
قازقستان میں جاری ایونٹ میں آخری گروپ میچ میں پاکستان کی جیت میں راشد علی نے نمایاں کردار ادا کیا۔
پہلے سنگلز میں انہوں نے نیوزی لینڈ کے ہیڈلے ایرب کو 1-6 اور 5-7 سے ہرایا اور پاکستان کو برتری دلائی۔
تاہم دوسرے سنگلز میں محمد شایان کو نیوزی لینڈ کے لوکاس نیکس کے ہاتھوں 4-6 اور 4-6 سے شکست ہوئی، جس کے بعد مقابلہ ایک، ایک سے برابر ہو گیا۔
فیصلہ کن ڈبلز میں راشد اور شایان کی جوڑی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے نیکس اور ایرب کو 1-6 اور 3-6 سے ہرا کر پاکستان کو فتح دلائی۔
پاکستان گروپ سی میں کوریا اور نیوزی لینڈ کے ساتھ شامل تھا۔
گزشتہ روز پاکستان کو کوریا کے خلاف سخت مقابلے کے بعد 1-2 سے شکست ہوئی تھی، نیوزی لینڈ کے خلاف فتح نے پاکستان کو ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا جہاں اس کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہو گا۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی نے ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے نوجوان پلیئرز نے شاندار کھیل پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوریا جیسے مضبوط حریف کے خلاف بھی انہوں نے زبردست مقابلہ کیا اور امید ہے کہ آئندہ بھی یہ کارکردگی برقرار رکھیں گے۔