• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وکیل قتل کیس میں نامزد ایس ایچ او کی عبوری ضمانت خارج، گرفتار کرنیکا حکم

پشاور(نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے چارسدہ میں نوجوان وکیل کو قتل کرنے کے مقدمے میں نامزد ایس ایچ او بہرہ مند شاہ کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرنےکا حکم دے دیا ۔کیس کی سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز خان صابی پر مشتمل سنگل رکنی بنچ نے کی۔اس موقع پر عدالت میں ملزم کی جانب سے شبیر گیگیانی جبکہ مدعی مقدمہ کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ بار کے صدر امین الرحمان یوسفزئی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ملزم کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ ملزم ایس ایچ او کی حیثیت سے چارسدہ میں فرائض سر انجام دے رہا تھا اور وہاں پر ایک جرگہ موقع پر یہ واقعہ پیش آیا تا ہم اس میں موجودہ ملزم کا کوئی کردار نہیں جبکہ اس نے خود موقع سے شواہد اکھٹے کئےاور ایف آئی آر درج کی اس کے ساتھ مخالف فریق نے جو مد رپورٹ کی اس کے گواہان بھی موجودہ ملزم کے حق میں ہیں، واقعے کی تحقیقات ہورہی ہے اور اب وہ معطل ہے چونکہ چارسدہ میں اسکو سیکورٹی مسائل کا سامنا ہے اس لئے ہائی کورٹ میں بی بی اے کی درخواست دائر کی گئی ۔وہ بے گناہ ہے اس موقع پر مدعی مقدمہ کے وکیل امین الرحمان ایڈووکیٹ نے عدالت کوبتایا کہ ملزم کیس کی شفافیت پر اثر انداز ہورہا ہے، پوری سرکاری مشینری ملزم کے پیچھے کھڑی ہے، جسٹس اعجازخان نے اس دوران استفسار کیا کہ اس میں کوئی انکوائری ہوئی ہے۔ جس پر ملزم کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ ایس پی انوسٹی گیشن مردان انکوائری کر رہے ہیں، وکیل مدعی نے عدالت کوبتایا کہ ملزم نے تمام شواہد مٹا دیئے ہیں، مقتول کے گھر پر دھاوا بول دیا، مقتول کی خاندان کو بکتر بند گاڑی میں لے کر گئے ہیں۔ ملزم کی گرفتاری انتہائی ضروری ہے، ملزم براہ راست ملوث ہے،ملزم کی عبوری ضمانت درخواست خارج کی جائے، عدالت نے دلائل سننے کے بعد عبوری ضمانت کی درخواست خارج کردی اور ایس ایچ او بہرہ مند شاہ کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔
پشاور سے مزید