پشاور(خصوصی نامہ نگار) نو تعینات سیکرٹری کھیل و امور نوجوانان محمد آصف نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس کا دورہ کیا، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر اور دیگر افسران نےان کا استقبال کیا، ایڈیشنل سیکرٹری پیر عبداللہ شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دورے کے دوران تعمیراتی کام اور مختلف منصوبوں بارےبات چیت ہوئی جس میں صوبے میں کھیلوں کی ترقی، نوجوانوں کی حوصلہ افزائی، اور سپورٹس انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ سیکرٹری کھیل نے ڈیپارٹمنٹ کے اہداف کو موثر طریقے سے حاصل کرنے کے لئے ٹیم ورک کی اہمیت پر زور دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈائریکٹوریٹ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میرٹ کی بنیاد پر کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنے اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی ترقی کے لئے مزیدموثر اور ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے۔