پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے صوبے میں منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کے تحت محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس نے ایک آپریشن کے دوران بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سید فخرجہان کی ہدایت پر محکمہ کی صوبہ بھر جاری کاروائیوں میں مردان میں بڑے پیمانے پر منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی 300000 گرام (300 کلوگرام) چرس برآمد کر لی گئی۔ پروانشل انچارج ایکسائز انٹیلیجنس بیورو سعود خان گنڈاپور اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر کاؤنٹر نارکوٹکس آپریشنز ماجد خان کی سربراہی میں انسپکٹرز زرجان خان اور اجمل لودھی کی ٹیم و دیگر نفری نے خفیہ اطلاع پر رنگ روڈ مردان کے مقام پر کارروائی کی۔آپریشن کے دوران ایک مشکوک مزدا ٹائی ٹن گاڑی کو روک کر جامع تلاشی لی گئی جس میں گاڑی پر نصب کنٹینر کے خفیہ خانوں سے بھاری مقدار میں اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد ہوئی۔