بھارتی میڈیا میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ تامل انڈسٹری کے معروف فنکار جوڑے، اداکار وجے دیوراکونڈا اور رشميکا مندانہ کی منگنی ہو چکی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وجے دیوراکونڈا اور رشميکا مندانہ کی شادی فروری 2026ء میں متوقع ہے، اس جوڑے کی منگنی ایک نجی تقریب میں انجام پاچکی ہے جس میں صرف قریبی رشتے دار اور دوست شریک ہوئے تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار جوڑے نے اب تک اپنی منگنی اور شادی کا باضابطہ طور پر اعلان نہیں کیا ہے جبکہ اِن سے تعلق رکھنے والے متعدد ذرائع کا دعویٰ ہے کہ دونوں نے ذاتی معاملات کو رازداری میں رکھنے کو ترجیح دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رشميکا مندانہ جب اپنی حالیہ وائرل انسٹاگرام پوسٹ میں ساڑھی زیب تن کیے نظر آئیں تو مداحوں نے خیال ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ تصاویر اِن کی منگنی کی تقریب کی ہیں۔
اداکارہ نے مذہبی تہوار کے موقع پر اپنی تصویریں شیئر کرتے ہوئے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ ’ہیپی دُسہرہ مائی لَوز، اس سال میں خود کو بے حد شکر گزار محسوس کر رہی ہوں، آپ کے پیغامات اور سپورٹ ہر لمحے کو مزید خوشگوار بنا دیتی ہے۔‘
واضح رہے کہ وجے اور رشميکا نے اب تک اپنے تعلق یا بننے والے نئے رشتے سے متعلق کوئی تردید یا تصدیق نہیں کی ہے۔ اگرچہ اِن دونوں فنکاروں کی ایک ساتھ چھٹیاں گزارنے کی خبریں میڈیا میں آتی رہی ہیں مگر ہمیشہ اس جوڑی نے اپنی نجی زندگی کو خفیہ رکھا ہے۔