اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے فریقین سے معاہدے کی شرائط کی مکمل پاسداری کی اپیل ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مستقل جنگ بندی کو یقینی بنایا جائے، لڑائی ہمیشہ کے لیے بند ہونی چاہیے۔ غزہ میں انسانی امداد اور ضروری تجارتی سامان کے داخلے کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔
انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ معاہدے کے مکمل نفاذ کی حمایت کرتا ہے، ہم غزہ میں بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں کو آگے بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کو امن سے رہنے کے لیے دو ریاستی حل کی طرف لے جایا جائے۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان جاری جنگ روکنے اور غزہ میں یرغمال قیدیوں کی رہائی کے لیے امن منصوبے کے پہلے مرحلے پر مصر میں دستخط کر لیے گئے ہیں، تاہم امن ڈیل پر باضابطہ دستخط آج دوپہر کیے جائیں گے۔
امن مذاکرات میں امریکی مندوب اسٹیو وٹکوف، صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کُشنر اور حماس رہنما خلیل الحیہ نے شرکت کی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر امن ڈیل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام فریقوں کے ساتھ منصفانہ برتاؤ کیا جائے گا۔