نوبل انعام برائے ادب 2025 ہنگری کے مصنف لاسلو کرسناہورکائی کے نام رہا۔
نوبل اکیڈمی کے مطابق مصنف کی پُر اثر اور بصیرت افروز تخلیقات کے اعتراف میں انہیں ایوارڈ کا حقدار قرار دیا گیا، لاسلو کرسناہورکائی کو دسمبر میں اسٹاک ہوم میں منعقدہ رسمی تقریب میں نوبل تمغہ اور سند دی جائے گی۔
71 سالہ لاسلو کرسناہورکائی اداس مگر فکری طور پر گہرے ناولوں کے لیے جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے 2019 میں نیشنل بُک ایوارڈ (مترجم ادب کے زمرے میں) اور 2015 میں مین بُکر انٹرنیشنل پرائز بھی جیتا، مصنف کے کئی ناول معروف ہدایتکار بیلا ٹار نے فلموں میں ڈھالے۔
1954 میں ہنگری کے شہر گیولا میں پیدا ہونے والے کرسناہورکائی نے 1985 میں اپنے پہلے ناول سیٹنٹانگو (Satantango) سے شہرت حاصل کی، جو ایک برباد دیہی معاشرے کی تاریک مگر جاذبِ نظر داستان ہے۔ یہی ناول تین دہائیوں بعد انہیں مین بُکر انعام دلا گیا، جبکہ اس ناول نے 7 گھنٹے طویل فلم کے طور پر بھی شہرت پائی۔
انہوں نے اپنے ناول War and War کے دوران یورپ بھر میں سفر کیا اور کچھ عرصہ امریکی شاعر ایلن گنسبرگ کے نیو یارک والے اپارٹمنٹ میں رہے، جن کی سرپرستی انہوں نے ناول مکمل کرنے کےلیے اہم قرار دی۔
مصنف نے نئے قارئین کو نصیحت کی کہ میری کتابیں پڑھنے سے پہلے، باہر جاؤ، کسی ندی کے کنارے بیٹھو، کچھ نہ سوچو، کچھ نہ کرو، صرف خاموش رہو۔ پھر تم کسی ایسے شخص سے ملو گے جس نے میری کتابیں پڑھ رکھی ہوں۔
خیال رہے کہ نوبل انعام برائے ادب 1901 سے اب تک 117 مرتبہ دیا جا چکا ہے۔ گزشتہ سال یہ اعزاز جنوبی کوریا کی مصنفہ ہان کانگ کو دیا گیا تھا۔