لاہور (اپنے نامہ نگار سے)محکمہ داخلہ پنجاب میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 37 واں اجلاس ہوا جس کی صدارت صوبائی وزیر و چیئرمین خواجہ سلمان رفیق نے کی۔ اجلاس میں صوبائی وزراء سید عاشق حسین کرمانی اور بلال اکبر خان نے بھی شرکت کی۔ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے 259 انفورسمنٹ افسران کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اختیارات دینے کی منظوری دی۔ اسی طرح میانوالی بارڈر چیک پوسٹس پر رینجرز کی تعیناتی کی مدت میں توسیع کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں رائٹ مینجمنٹ پولیس فورس کیلئے پیشہ ورانہ آلات کی خریداری کی منظوری دی گئی۔ اجلاس سے خطاب میں صوبائی وزیر صحت و چیرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے۔ جعلی دودھ کے نام پر معصوم بچوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے مافیا سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ پیرا فورس کے فیلڈ افسران کو باڈی کیمرے دیے جا رہے ہیں تاکہ تمام آپریشنز کی نگرانی یقینی بنائی جا سکے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے قیام امن کی خاطر دن رات مصروف عمل ہیں۔