• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امر خان کی دیپیکا پڈوکون کے حق میں سوشل میڈیا پوسٹ

فائل فوٹوز
فائل فوٹوز

پاکستانی اداکارہ امر خان نے بھارتی اداکارہ دیپیکا پڈوکون کے حق میں آواز اٹھاتے ہوئے بھارتی انتہا پسندوں کی جانب سے کی جانے والی نفرت انگیز مہم پر سخت ردعمل دیا ہے۔

بھارتی سپر اسٹار دیپیکا پڈوکون ان دنوں ایک اشتہار میں شرکت کے باعث ہندوتوا انتہا پسندوں کے شدید نشانے پر ہیں، اس اشتہار میں دیپیکا اپنے شوہر رنویر سنگھ کے ہمراہ ابوظبی کے شیخ زاید گرینڈ مسجد میں نظر آتی ہیں، جہاں وہ عبایا اور حجاب پہنے خوبصورت اسلامی طرزِ تعمیر کی تعریف کر رہی ہوتی ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہندو قوم پرست عناصر نے دیپیکا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں منافق قرار دیا، یہ کہتے ہوئے کہ وہ ایک طرف عورتوں کی آزادی کی بات کرتی ہیں اور دوسری طرف مذہبی لباس پہنتی ہیں۔

تاہم، امر خان نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک طنزیہ پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی ’ووک فیمینسٹ‘ نہیں بلکہ ایک انسان ہے جو ایسے ملک سے ہے جہاں ایک تہائی آبادی مسلمان ہے اور وہ سب مذاہب کا احترام کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افسوس کہ بھارت کی موجودہ سیاست اس قدر گر چکی ہے۔

دوسری جانب کئی سوشل میڈیا صارفین نے بھی دیپیکا کے حق میں لکھتے ہوئے کہا کہ لباس کا انتخاب عورت کی اپنی مرضی ہے۔

واضح رہے کہ 2015 میں دیپیکا نے ووگ انڈیا کے لیے ”My Choice“ مہم میں خواتین کی آزادی پر بات کی تھی، جسے اب بعض لوگ ان کے موجودہ اشتہار سے جوڑ کر متنازع بنا رہے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید