• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’نوٹ بندی کے بعد نقصان کے باعث قرض واپس نہ کر سکا،‘ راج کندرا کا دھوکا دہی مقدمے میں نیا مؤقف

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

بھارتی بزنس مین اور بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا نے ممبئی پولیس کی اکنامک آفینسز وِنگ (EOW) کی تفتیش کے دوران قرض کی ادائیگی نہ کرنے کی وجہ حکومت کی پالیسی کو قرار دے دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راج کُندرا نے تفتیش کے دوران اپنے نئے مؤقف میں دعویٰ کیا ہے کہ حکومت کی نوٹ بندی کی پالیسی کے سبب اِن کی کمپنی کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑا جس کے باعث وہ قرض کی رقم واپس نہیں کر سکے۔

یہ معاملہ ایک ’لون کم انویسٹمنٹ ڈیل‘ سے متعلق ہے جس میں ایک بزنس مین سے مبینہ طور پر سرمایہ کاری کے نام پر رقم وصول کی گئی۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران کُندرا نے بتایا ہے کہ ان کی کمپنی ’بیسٹ ڈیل ٹی وی پرائیویٹ لمیٹڈ‘ گھریلو اور برقی آلات کی تجارت کرتی تھی تاہم 2016ء میں نوٹ بندی کے نفاذ کے بعد کمپنی کو بھاری نقصان پہنچا جس کی وجہ سے قرض کی واپسی ممکن نہ ہو سکی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راج کُندرا دھوکا دہی کے کیس میں اب تک دو بار تفتیش کے لیے طلب کیے جا چکے ہیں اور امکان ہے کہ آنے والے ہفتوں میں اِنہیں دوبارہ طلب کیا جائے گا۔

شلپا شیٹی سے چار گھنٹے کی پوچھ گچھ

دوسری جانب اسی کیس کے سلسلے میں 4 اکتوبر کو ممبئی پولیس نے شلپا شیٹی سے اِن کی رہائش گاہ پر چار گھنٹے تک پوچھ گُچھ کی۔

شلپا شیٹی نے پولیس کو بتایا کہ اگرچہ وہ کمپنی کی شریک بانی تھیں لیکن وہ کاروباری امور میں براہِ راست مداخلت نہیں کرتی تھیں۔

راج کندرا اور شلپا شیٹی پر الزام

یاد رہے کہ راج کُندرا اور شلپا شیٹی کے خلاف تقریباً 60 کروڑ کی دھوکا دہی کے الزام میں مقدمہ درج ہے۔

بھارت کی ایک نامور کاروباری شخصیت نے اس جوڑے پر الزام لگایا ہے کہ 2015ء سے 2023ء کے درمیان راج کندرا اور شلپا شیٹی نے اِنہیں ’بیسٹ ڈیل ٹی وی پرائیویٹ لمیٹڈ‘ میں سرمایہ کاری کے لیے آمادہ کیا، سرمایہ کاری کی رقم اِن دونوں کے ذاتی استعمال میں لائی گئی اور مطالبے پر واپس نہیں کی گئی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید