• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسکرین پر واپسی کیلئے آمنہ شیخ نے ڈرامہ سیریل ’کیس نمبر 9‘ کا انتخاب کیوں کیا؟

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اداکارہ آمنہ شیخ نے 7 برس بعد اسکرین پر واپسی کے لیے ڈرامہ سیریل ’کیس نمبر 9‘ کا انتخاب کیوں کیا، اداکارہ نے وجہ بتا دی۔

گزشتہ روز آمنہ شیخ نے جیو نیوز کے مارنگ شو ’جیو پاکستان‘ میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے جیو کے ڈرامہ سیریل کیس نمبر 9 اور 7 برس بعد اسکرین پر واپسی سے متعلق بات چیت کی۔

انہوں نے کہا کہ اسکرین پر واپس آکر بہت اچھا لگ رہا ہے، اس ڈرامے کے کنسپٹ (نظرئے) نے مجھے قائل کیا، میں زندگی کے اس موڑ پر ہوں جہاں میں وہی کام کرنا چاہتی ہوں جس کا معاشرے پر کوئی تعمیری اثر مرتب ہو، لوگ بہتری کی جانب راغب ہوسکیں۔

اداکارہ نے کہا کہ میری یہی دعا رہتی ہے کہ مجھے ایسے ہی کام کی پیشکش آئے جس سے میں اور میرے اطراف کے لوگوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی آئے، جب مجھے یہ کردار آفر ہوا اور اس سے متعلق مجھے جو کچھ بتایا گیا اسے سن کر میں انکار نہیں کرسکی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ڈرامہ ریپ جیسے حساس موضوع پر مبنی ہے، جسے معلومات فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ میں خود بھی جب اسکا  اسکرپٹ پڑھ رہی تھی تو بحیثیت ناظرین اور بحیثیت کردار چیزوں کو دیکھ رہی تھی اور ناظرین کی حیثیت سے میری معلومات میں بھی اضافہ ہو رہا تھا۔

اداکارہ کے مطابق یہ ڈرامہ ریپ کیسز اور پاکستان کے قوانین اور عدالتی نظام میں ان کے طریقہ کار کو اُجاگر کرتا ہے، جس سے متاثرین کو بااختیار اور مجرموں کو غیر موثر کرنے کا موقع ملے گا۔

خیال رہے کہ آمنہ شیخ جیو ٹی وی اور سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کے نئے ڈرامہ سیریل ’کیس نمبر 9‘ میں بنیش نامی وکیل کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کے کردار نے مذکورہ ڈرامے میں رواں ہفتے انٹری دی ہے۔

یہ ڈرامہ معروف صحافی اور ”جیونیوز“ کے مقبول پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ“ کے میزبان شاہ زیب خانزادہ کی تحریر ہے، جسے ہدایتکار سید وجاہت حسین نے ڈائریکٹ کیا ہے۔

ڈرامے میں صبا قمر، فیصل قریشی، جنید خان، آمنہ شیخ، گوہر رشید، حنا بیات، علی رحمان خان، نوین وقار، مزنا وقاص، فائزہ گیلانی، عذرا محی الدین اور دیگر نامور فنکار شامل ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید