واشنگٹن ( جنگ نیوز)سرکاری شٹ ڈاؤن کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے ہزاروں وفاقی ملازمین برطرف کردئیے ۔ خزانہ، صحت، تعلیم، تجارت و ویگراداروںمیں چھانٹیاں، صدرنے ڈیموکریٹس کو ذمہ دار ٹھہرادیا۔ برطرفیوں کیخلاف مقدمات دائر،شٹ ڈاؤن کے باعث لاکھوں سرکاری اہلکار تنخواہوں سے محروم، بعض ریپبلکن سینیٹرز کی بھی چھانٹیوں پر تنقید ،ٹرمپ نے 28ارب ڈالر کے منصوبے منجمد کر دئیے ۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹس کو اس فیصلے کا ذمہ دار قرار دیا کہ ان کی انتظامیہ نے وفاقی حکومت کے مختلف محکموں سے ہزاروں ملازمین کو برطرف کرنا شروع کر دیا ہے۔ یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب حکومت شٹ ڈاؤن کے دوران وفاقی عملے میں بڑے پیمانے پر کمی کے صدر کے اعلان پر عمل درآمد کیا گیا۔ترجمانوں کے مطابق برطرفیوں کا عمل محکمہ خزانہ، محکمہ صحت، اندرونی محصولات ، محکمہ تعلیم، محکمہ تجارت، اور ہوم لینڈ سیکورٹی کے سائبر سیکورٹی ڈویژن میں جاری ہے۔ تاہم ابھی تک برطرفیوں کی مجموعی تعداد واضح نہیں۔صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ سب ڈیموکریٹس کی وجہ سے ہوا، انہوں نے یہ سب شروع کیا۔