اسلام آباد (صالح ظافر) وزیر اعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، جو آئندہ اتوار (26 اکتوبر) سے سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر جا رہے ہیں، اپنے آمد کے دن ہی سعودی ولی عہد اور مملکت کے وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ایک اہم ملاقات کریں گے ۔ اس دورے کی نمایاں اہمیت ہے کیونکہ یہ دونوں برادر ملکوں کے درمیان 17 ستمبر 2025 کو سعودی دارالحکومت میں دستخط کیے گئے تاریخی دفاعی معاہدے کے بعد پہلا دورہ ہوگا۔ اس معاہدے پر وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی موجودگی میں دستخط کیے۔ مسلم دنیا کے دو مضبوط ترین ممالک کے رہنما تازہ ترین عالمی صورتحال، بالخصوص غزہ کی پٹی میں ہونے والی پیش رفت اور خطے کے مسلم ممالک اور اسرائیل کے درمیان تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ یہ اہم رہنما مملکت (سعودی عرب) کے اعلیٰ کاروباری وفود کے پاکستان کے حالیہ دوروں اور ان کی بات چیت کا بھی جائزہ لیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز اور فیلڈ مارشل (سید عاصم منیر) مینوفیکچررز، کاروباری اور تجارتی رہنماؤں پر مشتمل ایک بڑے وفد کی قیادت کریں گے جو وہاں سرمایہ کاری اور اقتصادی امور پر ایک بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لیے موجود ہوں گے۔