• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی تجارتی جنگ کا نیا مرحلہ، ٹرمپ نے چین پر 100 فیصد ٹیرف عائد کردیا

واشنگٹن (جنگ نیوز) عالمی تجارتی جنگ کا نیا مرحلہ، ٹرمپ نے چین پر 100فیصد ٹیرف عائد کر دیا۔ نایاب معدنیات پر چینی پابندیوں کے جواب میں امریکی صدر کا اقدام، محصولات یکم نومبر سے نافذ ، چین کا امریکی جہازوں پر خصوصی بندرگاہ فیس ، ماہرین نے عالمی معیشت کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ دونوں ملکوں کے درمیان مجوزہ مذاکرات و تعلقات مزید تناؤ کا شکار،ٹرمپ اور شی ملاقات خطرے میں پڑگئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق گذشتہ روز امریکی صدر نے کہا کہ چین نے غیرمعمولی اور دشمنانہ تجارتی رویہ اپنایا ہے، اس لیے امریکہ اس کے جواب میں سخت اقدامات کرے گا۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ ممکنہ طور پر آئندہ ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (APEC)اجلاس کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات منسوخ کر سکتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی کشیدگی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ یہ ٹیکس یکم نومبر سے نافذ ہوں گے اور ان کا ہدف خاص طور پر چین کا ٹیکنالوجی سیکٹر ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے عالمی منڈیوں میں عدم استحکام پیدا ہو سکتا ہے اور ایک نئی تجارتی جنگ کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ دوسری جانب چین نے بھی جوابی اقدام کے طور پر امریکی جہازوں پر خصوصی بندرگاہ فیسیں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان مجوزہ مذاکرات اور تعلقات مزید تناؤ کا شکار ہو گئے ہیں۔

دنیا بھر سے سے مزید