• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

BSDI کے تحت ضلع سبی میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری

کوئٹہ (خ ن) بلوچستان اسپیشل ڈیولپمنٹ انیشیٹو کے تحت ضلع سبی میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور عوام کو ان کے ثمرات براہِ راست مل رہے ہیں اسی سلسلے میں گزشتہ روز تحصیل بختیار آباد اور لہڑی میں مختلف سولرائزیشن منصوبوں کا افتتاح کیا گیا۔ بنیادی مرکز صحت ٹی اے رحمان میں سولرائزیشن کا منصوبہ 1.20 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا جس کا افتتاح کیا گیا۔ اسی طرح بی ایچ یو ریلو میاں خان میں بھی 1.20 ملین روپے کی لاگت سے سولر سسٹم نصب کر کے منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا۔ علاقے کے عوام نے ان منصوبوں پر حکومت بلوچستان، فرنٹیئر کور اور ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی سمیت ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا ہے، جو ان کی بھرپور دلچسپی اور عملی کاوشوں کا ثبوت ہے۔ مزید برآں اقلیتی برادری کے لیے بھی BSDI کے تحت متعدد ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں ضلعی انتظامیہ سبی کے مطابق BSDI کے تحت جاری منصوبوں کا مقصد عوامی فلاح و سہولت کے لیے دیرپا تبدیلی لانا ہے، تاکہ شہریوں کو صحت، تعلیم اور توانائی کے شعبوں میں بہتر سہولیات میسر آ سکیں ان منصوبوں کی تکمیل سے ضلع سبی کے دور دراز علاقوں میں بنیادی سہولیات کا معیار نمایاں طور پر بہتر ہو رہا ہے، جو ایک روشن اور خوشحال بلوچستان کی جانب اہم قدم ہے۔
کوئٹہ سے مزید