محققین نے خبردار کیا کہ جگر کی بیماری کی تشخیص اکثر بہت مشکل ہوتی ہے۔
نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ فائبر سے بھرپور غذا جگر کی ایک عام بیماری کو روکنے یا کم کرنے میں مدد کر سکتی ہے جو کہ ڈائٹری فروکٹوز کے زیادہ استعمال کی وجہ سے ہوتی ہے۔
ڈائٹری فروکٹوز ایک مٹھاس ہے جو عام طور پر پروسیسرڈ فوڈز اور سافٹ ڈرنکس میں پایا جاتا ہے۔
محققین کے مطابق فروکٹوز کی زیادہ مقدار سے بننے والی چربی جگر کو نقصان پہنچا سکتی ہے اور فیٹی لیور کا باعث بن سکتی ہے جس کی وجہ سے جگر میں سوزش اور یہاں تک کہ جگر پھٹ بھی سکتا ہے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ خاص طور پر پراسیسڈ فوڈز میں شامل فروکٹوز جگر میں چربی کے جمع ہونے کی وجہ بن سکتے ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ چربی جگر کے کام کو متاثر کرتی ہے اور نان الکوحل فیٹی لیور ڈیزیز (NAFLD) میں مبتلا کر سکتی ہے۔
تحقیق میں مزید بتایا کہ قدرتی فائبر سے بھرپور غذائیں استعمال کرنے والے لوگوں کی نسبت وہ لوگ جو زیادہ مقدار میں میٹھے مشروبات اور فاسٹ فوڈ استعمال کرتے ہیں اُنہیں فیٹی لیور ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
محققین کے مطابق جگر کی اس بیماری کا پتہ لگانا اکثر مشکل ہوتا ہے اور ایسا خاص طور پر زیادہ وزن والے افراد میں ہوتا ہے کیونکہ ان کے جسم میں اس بیماری کی علامات جلدی ظاہر نہیں ہوتیں اور اگر وقت پر علاج نہ کیا جائے تو یہ بیماری بہت خاموشی سے بڑھتی ہے اور پھر دل کی بیماری سمیت سنگین پیچیدگیوں کا باعث بنتی ہے۔
فائبر فیٹی لیور سے بچنے میں کیسے مدد کرتا ہے؟
تحقیق کے مطابق، ڈائٹری فائبر میٹابولزم کو منظم کرنے میں مدد کرتا ہے، چربی جمع ہونے کو روکتا ہے اور آنتوں میں صحت کے لیے مفید بیکٹیریا کی نشوونما میں مدد کرتا ہے۔
یہ سب چیزیں جگر کی صحت کے لیے بہترین ہیں، یہ تحقیق پروسیسڈ فوڈ کے مقابلے میں پھل اور سبزیوں پر مبنی غذا کی اہمیت کو مزید تقویت دیتی ہے۔