پاکستانی سفیر عبد الحمید نے اوساکا ایکسپو 2025ء میں بین الاقوامی ایوارڈز جیتنے پر ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کو مبارکباد پیش کی ہے۔
عبدالحمید اوساکا ایکسپو 2025 میں پاکستانی پویلین کے چیف کمشنر بھی ہیں۔ انہوں نے ایکسپو میں پاکستان کی شاندار کامیابی پر ٹی ڈی اے پی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد نصیر اور ان کی پوری ٹیم کو دلی مبارک باد پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ باعثِ فخر لمحہ ہے کہ محدود جگہ اور وسائل کے باوجود پاکستان پویلین نے 2 بین الاقوامی ایوارڈز اپنے نام کیے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ یہ کامیابی پوری ٹیم کی دن رات محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے خاص طور پر پاکستان پویلین کی ڈیزائنر نور جہاں بلگرامی کی ٹیم کو سراہا جنہوں نے پاکستان کے ثقافتی ورثے کو جدید انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی اس کامیابی میں وفاقی حکومت کی مکمل سرپرستی شامل رہی۔
اس موقع پر انہوں نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، سیکریٹری خارجہ محترمہ آمنہ بلوچ، وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان، وزیر اعظم کے مشیر ہارون اختر خان اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی شرکت اور تعاون نے ایکسپو میں پاکستان کی موجودگی کو نمایاں طور پر اُجاگر کیا۔
سفیر عبدالحمید نے جاپانی حکام کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران ہر ممکن تعاون فراہم کیا اور پاکستان کے نیشنل ڈے کی تقریب کو ایک شاندار انداز میں منعقد کرنے میں بھرپور تعاون کیا۔