کراچی (اسٹاف رپورٹر )بلدیہ مواچھ گوٹھ میں نشے کے عادی شخص نے پڑوس میں واقع گھر میں بچوں کو آگ لگا کر اپنا گلا کاٹ کر خودکشی کر لی،آگ سے جھلس کر 4بچے زخمی ہوئے ،تفصیلات کے مطابق موچکو تھانے کی حدود بلدیہ مواچھ گوٹھ کچیلا گوٹھ غوثیہ مسجد کے قریب آگ لگنے سے جھلس کر دو بچے اور دو بچیاں زخمی ہو گئے جنھیں سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا جہاں شناخت 2 سالہ ایاز ، 4 سالہ فراز ولد قربان ، 13 سالہ فہمیدہ دختر شوکت اور 7 سالہ سونی دختر محمد حسن کے ناموں سے ہوئی ہے ،پولیس کے مطابق متاثرہ بچے گھر کے صحن میں کھیل رہے تھے کہ بچوں کے چھیڑنے پر پڑوس میں رہائش پذیر نشے کا عادی شخص آپے سے باہر ہو گیا،ملزم نے کپڑے کی گٹھری میں آگ لگائی اور مٹی کے تیل کی بوتل سمیت بچوں کے اوپر پھینکی،پولیس کے مطابق ملزم یونس نے واقعہ کے بعد کچھ دور جا کر اینٹوں کے گودام میں اپنے گلے پر تیز دھار آلے سے وار کر کے خودکشی کی کوشش کی،ملزم والدین کے انتقال کے بعد تنہا رہتا تھا، دریں اثنا آگ سے جھلس کر زخمی ہونے والی 13 سالہ فہمیدہ دختر شوکت اور 2 سالہ ایاز ولد قربان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گئے ۔