اکراچی ( اسٹاف رپورٹر )سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی انتقال کرگئے۔ تدفین ضلع شکارپور کے علاقے گڑھی یاسین میں کردی گئی۔ وزیر اعلی سندھ و دیگرشخصیات نے اظہار افسوس کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج سابق اسپیکر سندھ اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما آغا سراج درانی بدھ کو 72 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ آغا سراج درانی کو ایک ماہ قبل برین ہیمبرج ہوا تھا۔ وہ 5 اکتوبر 1953 کوشکار پورمیں پیدا ہوئے۔انہوں نے ابتدائی تعلیم سینٹ پیٹرک ہائی اسکول سے اور سندھ مسلم گورنمنٹ لا کالج سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی تھی۔ 4 دہائیوں سے زائد پیپلز پارٹی سے وابستہ سراج درانی 3 مرتبہ صوبائی وزیر اور 2 مرتبہ سندھ اسمبلی کے اسپیکر رہے۔ان کا شمار شہید بے نظیر بھٹو اور آصف زرداری کے بااعتماد ساتھیوں میں ہوتا تھا۔آغا سراج درانی31 مئی 2013 سے 25 مئی 2024 تک اسپیکر سندھ اسمبلی رہے۔ وہ مارچ 2022 سے اکتوبر 2022 تک قائم مقام گورنر سندھ بھی رہے۔آغا سراج درانی 1988 میں پہلی بار رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے۔ دریں اثنا سراج خان درانی کے انتقال کی اطلاع ملنے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ان کی رہائش گاہ پہنچے جہاں انہوں نے مرحوم کے صاحبزادے اور بھائی سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔دریں اثنا میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب ، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنماؤں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، ڈاکٹر فاروق ستار، علی خورشیدی، ایم کیو ایم انٹر نیشنل، سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکرٹری جنرل اور جی ڈی اے کے سیکرٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔مہاجرقومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مرحوم منجھے ہوئے سیاستدان تھے جنکی سیاسی بصیرت سے انکار ممکن نہیں۔