کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اس وقت طالبان کے فیصلے دلی سے اسپانسر ہو رہے ہیں اور متقی ایک ہفتہ وہاں بیٹھ کر آئے ہیں اب جانے کیا پلان لے کر آئے ہیں کابل دلی کی پراکسی جنگ لڑ رہا ہے ،دفاعی تجزیہ کار ایئر مارشل (ر) ارشد ملک نے کہا کہ اگر آپ ہمارے ازلی دشمن کی گود میں جا کر بیٹھیں گے تو پھر آپ کے ساتھ یہی ہوگا ہم نے بہت صبر کیا بعض دفعہ زیادہ صبر گناہ بن جاتا ہے،میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو اپنی مشرقی اور مغربی دونوں سرحدوں سے اشتعال انگیزی کا سامنا ہے۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مجھے شبہ ہے کہ جنگ بندی برقرار نہیں رہے گی ۔ دوست ملک مداخلت کریں اور طالبان پر دباؤ ڈالیں، افغان طالبان اس وقت بھارتی پراکسی بنے ہوئے ہیں۔ ہمارے پاس طالبان کو افغانستان میں کہیں بھی نشانہ بنانے کی صلاحیت ہے اور ضرورت پڑی تو نشانہ بنائیں گے۔ افغان طالبان کالعدم ٹی ٹی پی اور فتنہ الخوارج کے ساتھ شامل ہوچکے ہیں۔افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی سوچ اور منبع ایک ہی ہے۔ افغانستان سیز فائر کی خلاف ورزی کرتا رہا تو ہمیں جواب دینا پڑے گا۔اس وقت کابل دلی کی پراکسی وار لڑ رہا ہے۔ اگر انہوں نے جنگ کو بڑھایا تو ہم اپنی پوری طاقت سے جواب دیں گے۔