کراچی(اسٹاف رپورٹر) بھتہ خوری اور اسٹریٹ کرائم سے تنگ تاجر برادری نے ڈی آئی جی ساؤتھ کو تحفظات سے آگا ہ کردیا ،تفصیلات کے مطابق اسٹریٹ کرائم اور بھتہ خوری کے تدارک پر مشاور ت کے لئے ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے ٹاول مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے دفتر کا دورہ کیا ۔ڈی آئی جی ساؤتھ کے دورہ کے دوران ایسوسی ایشن کے چیئرمین عامر حسن، سینئر وائس چیئرمین جنیدالرحمان، وائس چیئرمین ایاز خان سمیت مختلف کمپنیوں کے سی ای اوز اور ڈائریکٹرز سے ملاقات ہوئی، اس موقع پر ایس ایس پی کیماڑی بھی موجود تھے،ترجمان ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق ملاقات میں اسٹریٹ کرائم، بھتہ خوری اور بزنس کمیونٹی کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ڈی آئی جی ساؤتھ نے بزنس کمیونٹی کو پولیس کی جانب سے ہر ممکن تعاون اور فوری ردِعمل کی یقین دہانی کرائی، جبکہ وفد کی جانب سے پولیس کے موثر اقدامات اور سیکیورٹی انتظامات کو سراہا گیا،دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پولیس اور بزنس کمیونٹی کے درمیان باہمی رابطے، اعتماد اور تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا ۔