• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان میں دہشتگردوں کی اقوام متحدہ بنی ہوئی ہے، تجزیہ کار

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان مبشر ہاشمی نے پینل کے سامنے سوال رکھا کہ فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کا گٹھ جوڑ ہے اس کشیدگی کا حل کیا ہے؟ جواب میں تجزیہ کار سلیم صافی، شہزاد اقبال، عمر چیمہ اور سید محمد علی نے کہا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کی اقوام متحدہ بنی ہوئی ہے ، دو روزہ سیز فائر کی ضمانت دینا اس بات کابھی ثبوت ہے کہ افغان حکام کا ٹی ٹی پی پر اثر و رسوخ ہے۔افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیوں نے واضح کر دیا ہے کہ یہ ملک اب بھی ایک منظم اور ذمہ دار ریاست کے بجائے نان اسٹیک ایکٹر کا رویہ اختیار کیے ہوئے ہے۔ حالیہ دنوں کے حملے اس بات کا ثبوت ہیں کہ ان کی منصوبہ بندی کئی ماہ سے جاری تھی کیونکہ پندرہ سو کلو میٹر کے علاقے پر بغیر منصوبہ بندی کے حملہ ممکن نہیں۔ اس سے بھارت کی مکمل پشت پناہی بھی ظاہر ہوتی ہے۔ دو روزہ سیز فائر کی ضمانت دینا اس بات کابھی ثبوت ہے کہ افغان حکام کا ٹی ٹی پی پر اثر و رسوخ ہے۔ افغانستان میں دہشت گردوں کی اقوام متحدہ بنی ہوئی ہے ماہرین کے مطابق سعودی عرب اور قطر جیسے ممالک کو ثالثی کے لیے آگے آنا چاہیے جبکہ اقوام متحدہ، سیکیورٹی کونسل اور او آئی سی کو افغانستان کو ایک بڑھتے ہوئے عالمی خطرے کے طور پر اجاگر کرنا ہوگا تاکہ بین الاقوامی برادری مؤثر کردار ادا کرے۔مولانا فضل الرحمٰن کہتے ہیں کہ پاک افغان جنگ بندی تو ہوگئی اب زبان بندی بھی ہونی چاہئے اس سے متعلق سلیم صافی نے کہا کہ یقیناً دونوں طرف سے زبانیں چلتی ہیں جس کی وجہ سے نفرت پھیلتی ہے ضروری ہے دونوں طرف سے زبانیں بند کی جائیں۔
اہم خبریں سے مزید