وفاقی حکومت نے ایتھلیٹکس فیڈریشن کی جانب سے اولمپئن ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ پر عائد کی گئی تاحیات پابندی کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطح پر انکوائری کا حکم دے دیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کو فوری اور جامع انکوائری کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جب کہ انکوائری میں ایتھلیٹکس فیڈریشن کے متنازع فیصلے کی وجوہات اور محرکات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس بی کو انکوائری رپورٹ مکمل ہونے کے بعد وزارتِ بین الصوبائی رابطہ کو آگاہ کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ ایتھلیٹکس فیڈریشن نے حال ہی میں کوچ سلمان بٹ پر تاحیات پابندی عائد کی تھی، تاہم سلمان بٹ نے اس فیصلے کو بے بنیاد اور انتقامی کارروائی قرار دیا تھا۔
سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ وہ تمام الزامات کے باوجود ایتھلیٹ ارشد ندیم کی رہنمائی جاری رکھیں گے۔