• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اب پاکستان میں وہ افعان رہیں گے جن کے پاس ویزہ ہوگا، وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس کو بتایاگیا ہے کہ افغان پناہ گزینوں کو کسی بھی قسم کی اضافی مہلت نہیں دی جائے گی اور ان کی وطن واپسی جلد یقینی بنائی جائے گی ‘پاکستان میں صرف انہی افعان باشندوں کو رہنے کی اجازت ہوگی جن کے پاس پاکستان کا ویزہ موجود ہوگا‘کسی کو بھی افغانوں کو حکومت کی پالیسیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پناہ دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ تمام صوبائی حکومتیں، وفاقی و صوبائی ادارے قریبی تعاون کے ساتھ پاکستان میں غیر قانونی طور پر موجود افغان باشندوں کی جلد از جلد وطن واپسی یقینی بنائیں۔ جمعہ کو وزیراعظم کی زیر صدارت افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر‘وفاقی وزراء‘ وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر‘ پنجاب‘ سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے وزراء اعلیٰ اور وفاقی و صوبائی حکومتوں و اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی عدم شرکت کی وجہ سے ان کی نمائندگی مزمل اسلم نے کی۔ وزیراعظم نے شرکا کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا وفاق کی ایک اہم اکائی ہے، وفاقی حکومت اس کے عوام کی فلاح و ترقی کیلئے صوبائی حکومت کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہے‘وزیراعظم نے افغانستان کی سرزمین سے پاکستان پر دہشت گرد حملوں اور افغانوں کے ان حملوں میں ملوث ہونے کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے افغانستان سے پاکستان میں خوارج کی در اندازی کو روکنے کی سفارتی و سیاسی اقدامات کے ذریعہ بھرپور کوشش کی‘پاکستان کے بہادر عوام ،ہم سے سوال کرتے ہیں کہ حکومت کب تک افغان مہاجرین کا بوجھ اٹھائے گی۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ تمام صوبائی حکومتیں، وفاقی و صوبائی ادارے قریبی تعاون کے ساتھ پاکستان میں غیر قانونی طور پر موجود افغان باشندوں کی جلد از جلد وطن واپسی یقینی بنائیں‘افغانستان کا پاکستان پر حالیہ حملہ اور خوارج کی پاکستان میں در اندازی کی کوششوں کا ساتھ دینا تشویشناک امر ہے۔

اہم خبریں سے مزید