ملتان(سٹاف رپورٹر) نشتر ہسپتال ملتان انتظامیہ نے ہسپتال کے احاطے میں پرائیویٹ وینڈرز کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی ۔اس سلسلے میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے باضابطہ حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے، جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ہسپتال میں کسی بھی پرائیویٹ وینڈر کو کسی بھی مقصد کے لئے خواہ وہ میڈیکل یا سرجیکل آلات، ہارڈویئر یا دیگر متعلقہ مواد کی سپلائی، ڈیمونسٹریشن یا تقسیم ہو ، بغیر متعلقہ اتھارٹی کی تحریری اجازت ہسپتال میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی، احکامات میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کی غیر مجاز ڈیلنگ، گفت و شنید یا لین دین پرائیویٹ وینڈرز کے ساتھ سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے تمام ایڈمن رجسٹرارز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس حکم پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں ۔