کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنماؤں انجینئر ہادی عسکری ، ملک عیسیٰ ہزارہ اور عہدیہ بتول نے سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی غریب پرور جماعت ہے جس نے ہمیشہ روٹی ،کپڑا اور مکان کی بات کی اور عوام کے حقوق کیلئے ہر قسم کی قربانی کیلئے ہمہ وقت تیار ہے یہ باتیں انہوں نے ہفتہ کو پیپلز پارٹی ہزارہ ٹاؤن آفس میں سانحہ 18 اکتوبر کے شہدا کی یاد میں منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں اس موقع پر شہدا کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر 2007 کو دہشت گردوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے نہتے اور بے گناہ قائدین اور جیالوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جس کی مثال ملکی تاریخ میں نہیں ملتی انہوں نے کہاکہ شہدا کے مشن کو ہر صورت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔