• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نعمان اعجاز نے خلیل الرحمان قمر کے ساتھ کام کرنے کی کیا شرط رکھی تھی؟

فائل فوٹوز
فائل فوٹوز

نعمان اعجاز کی خلیل الرحمان قمر کے ساتھ کام کرنے کی ’حیران کن شرط‘ سامنے آگئی۔

پاکستان کے دو بڑے نام اداکار نعمان اعجاز اور مصنف خلیل الرحمان قمر طویل عرصے سے ایک دوسرے کے ساتھ مثالی تعلقات نہیں رکھتے، دونوں کئی بار مختلف پروگرامز میں ایک دوسرے پر تنقید کرتے نظر آ چکے ہیں تاہم خلیل الرحمان قمر ہمیشہ نعمان اعجاز کی اداکاری کے معترف رہے ہیں اور ایک موقع پر انہوں نے انہیں اپنے ڈرامے میں کاسٹ بھی کیا تھا، جس میں مونا لیزا اور کامران مجاہد نے بھی مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ یہ ڈرامہ معروف پروڈیوسر راشد خواجہ نے بنایا تھا۔

حال ہی میں راشد خواجہ نے ایک شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے نعمان اعجاز اور خلیل الرحمان قمر کے درمیان کام کے دوران پیش آنے والے دلچسپ واقعے کا انکشاف کیا۔

جب میزبان نے پوچھا کہ آپ نے نعمان اعجاز اور خلیل الرحمان قمر کو ایک ساتھ کیسے کام پر آمادہ کیا؟ تو راشد خواجہ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ یہ ایک راز کی مگر دلچسپ کہانی ہے، نعمان اعجاز نے اسکرپٹ پڑھ لیا تھا اور انہیں بہت پسند آیا لیکن جب میں نے انہیں کردار کی پیشکش کی تو انہوں نے شرط رکھی کہ وہ کام تو کریں گے مگر مصنف شوٹنگ سیٹ پر موجود نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ نعمان اعجاز کو اس ڈرامے کے لیے خود خلیل الرحمان قمر نے ہی تجویز کیا تھا، میں نے نعمان اعجاز کی شرط خلیل الرحمان قمر کے سامنے رکھی اور انہوں نے بخوشی قبول کر لی، وہ شوٹنگ کے دوران سیٹ پر نہیں آئے اور اسی طرح ہم نے ایک کامیاب ڈرامہ تخلیق کیا۔

ڈرامہ میں مر گئی شوکت علی نجی ٹی وی پر نشر ہوا تھا اور اسے شائقین نے بے حد پسند کیا تھا، نعمان اعجاز کے منفی کردار نے خاص طور پر ناظرین پر گہرا اثر چھوڑا اور ان کی اداکاری کو سراہا گیا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید