ملتان (سٹاف رپورٹر)ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں ڈیپارٹمنٹ آف ہیومن نیوٹریشن اینڈ ڈائٹیٹکس اور نیوٹریشن انٹرنیشنل کے تعاون سے آئیوڈین کی کمی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے تدارک کے عالمی دن کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوراک اچھی ہوگی تو آپ صحت مند رہیں گے اگر خوراک اچھی نہیں تو آپ کو میڈیسن کا اثر بھی نہیں ہوگا۔ ہمیں خوراک ایسی استعمال کرنی چاہیے جس میں آئیوڈین کی مقدار موجود ہو۔انسان اگر خوش رہتا ہے تو بہت سی بیماریوں سے محفوظ رہ سکتا ہے۔جنوبی پنجاب کے صوبائی پروگرام مینیجر احتشام الحق طارق نے اپنے لیکچر میں آیوڈین کی کمی کی وجوہات پر روشنی ڈالی۔ وفاقی محتسب ادارہ کے ریجنل کوآرڈینیٹر نے کہا کہ آئیوڈین کی کمی کے تدارک کے لیے صرف سرکاری اقدامات ہی نہیں بلکہ طلبہ کی تعلیمی اداروں اور عوامی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی ملتان کے نمائندوں نے شرکاء کو عوام کے لیے آئیوڈین والے نمک کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ سیمینارمیں پروفیسر ڈاکٹر عمر فاروق، ڈاکٹر محمد شہباز،ڈاکٹر عمبرین ناز ،ڈاکٹر شبیر احمد، ڈاکٹر نگہت رضا، ڈاکٹر سبط عباس، ڈاکٹر ندا فردوس، محمد عثمان، انعم لیلہ، مصباح شریف،انعم اسحاق سمیت دیگر فیکلٹی اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔