کراچی (نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے (IAEA) نے کہا ہے کہ ایران کے پاس موجود زیادہ تر افزودہ یورینیم اسرائیل کے ساتھ حالیہ جنگ کے باوجود محفوظ ہے۔ نطنز اور فردو پلانٹس کو جزوی نقصان پہنچا، 400کلوگرام یورینیم کی جانچ ایران کے تعاون کے بغیر نہیں کر سکتے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ادارے کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ تقریباً 400 کلوگرام 60فیصد افزودہ یورینیم ان جوہری تنصیبات میں محفوظ ہے جو حالیہ حملوں میں جزوی طور پر نقصان کا شکار ہوئیں۔انہوں نے بتایا کہ ان ذخائر تک رسائی صرف ایران کے مکمل تعاون سے ہی ممکن ہے۔IAEA کا کہنا ہے کہ ایران کے نطنز اور فردو پلانٹس میں موجود سینٹری فیوجز کو نقصان پہنچا ہے، مگر یورینیم کے ذخائر زیادہ تر محفوظ حالت میں ہیں۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ نگران ٹیموں کو فی الحال ان مقامات تک رسائی حاصل نہیں اور جب تک تہران اجازت نہیں دیتا ادارہ اس افزودہ مواد کی مکمل جانچ نہیں کر سکتا۔