نیویارک سٹی کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی حالیہ دنوں میں امریکی سیاسی مباحثے کا مرکزی موضوع بنے ہوئے ہیں۔
ایسے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے ایریک ٹرمپ نے ایک ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو کے دوران ظہران ممدانی سے متعلق کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
ایریک ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ممدانی ’بھارتیوں سے نفرت کرتے ہیں۔‘
ایرک ٹرمپ نے ظہران ممدانی کو ’سوشلسٹ، کمیونسٹ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اِن کی پالیسیوں سے نیویارک شہر کی مضبوطی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
ایریک ٹرمپ کے مطابق ممدانی کی جیت اس بات کی علامت ہے کہ ’انتہائی بائیں بازو کی پالیسیاں بڑے امریکی شہروں کو کمزور کر رہی ہیں۔‘
انہوں نے ظہران ممدانی پر الزام عائد کیا ہے کہ ممدانی قومی دھارے سے ہٹ کر ایسے اقدامات کرنا چاہتے ہیں جو شہر کے مالی اور انتظامی ڈھانچے کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
ایرک ٹرمپ کا کہنا تھا کہ شہر کو ’صاف سڑکوں، محفوظ ماحول اور مناسب ٹیکس سسٹم‘ کی ضرورت ہے، نہ کہ حکومتی مداخلت پر مبنی تجربات کی۔
واضح رہے کہ 34 سالہ ظہران ممدانی یکم جنوری سے نیویارک کی باگ دوڑ سنبھالنے جا رہے ہیں۔
وہ نیویارک کی تاریخ کے پہلے مسلم، پہلے جنوبی ایشیائی اور پہلے افریقی نژاد میئر ہوں گے۔
سیاسی حملوں کے جواب میں ممدانی کا مؤقف
ظہران ممدانی نے ایریک ٹرمپ کے تازہ دعوؤں پر براہِ راست کوئی ردعمل نہیں دیا ہے تاہم وہ قبل ازیں ذاتی حملوں اور شہریت پر سوالات کو غیر سنجیدہ اور طاقت کے غلط استعمال کے مترادف قرار دے چکے ہیں۔
انتخابی رات کی تقریب کے دوران اُنہوں نے صدر ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا تھا کہ نیویارک آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے۔