برطانوی سیکیورٹی وزیر ڈین جاروس نے کہا ہے کہ حکومت ملک کے خود مختار امور میں چین کی مداخلت برداشت نہیں کرے گی۔
یہ بیان اُس وقت سامنے آیا جب ایم آئی 5 نے ارکان پارلیمنٹ اور عملے کو چینی جاسوسی کے خدشات سے آگاہ کیا۔
ایم آئی 5 کی جانب سے جاری انتباہ میں دو لنکڈ اِن پروفائلز کی نشاندہی کی گئی ہے، جو مبینہ طور پر چینی وزارتِ ریاستی سلامتی (ایم ایس ایس) کی جانب سے سیاسی حلقوں میں بااثر شخصیات تک رسائی کے لیے استعمال ہو رہی ہیں۔
دوسری جانب برطانیہ میں چینی سفارتخانے نے ان الزامات کو ’من گھڑت‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ لندن حکومت ایک ’خود ساختہ ڈرامہ‘ رچا رہی ہے۔
ترجمان نے الزام کی سخت مذمت کی اور دعویٰ کیا کہ برطانیہ دونوں ممالک کے تعلقات کو نقصان پہنچانے کے راستے پر گامزن ہے۔
ڈین جاروس نے کہا کہ حکومت قومی سلامتی کے قوانین کو مزید مضبوط کرے گی، سیاسی جماعتوں کی خفیہ فنڈنگ کے خلاف قواعد سخت کیے جائیں گے اور الیکٹورل کمیشن کو اضافی اختیارات دیے جائیں گے۔
آئندہ سال اسکاٹش پارلیمنٹ، ویلش سینیڈ اور انگلینڈ کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کے لیے سیکورٹی بریفنگز بھی دی جائیں گی۔