• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ ویلیو ایشن مکمل، فرنچائزز فیس میں اضافہ متوقع، 8 ٹیمیں کرنے کا ارادہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے دس سالہ پی ایس ایل فرنچائز معاہدہ ختم ہونے پر نئے معاہدے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ پی ایس ایل فرنچائز کے نئے 10 سالہ معاہدے کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ چارٹرڈ فرم ای وائے مینا کے نمائندوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات میں ایس ایل کی ویلیوایشن رپورٹ پیش کی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر اور سی او او سمیر سید بھی موجود تھے ۔ محسن نقوی نے فرنچائزز کے ساتھ نئے معاہدے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ ویلیوایشن رپورٹ کی بنیاد پر نیا فرنچائز معاہدہ طے ہو گا۔ چارٹرڈ فرم فرنچائزز کی نئی مارکیٹ ویلیو لگائے گی۔ پی ایس ایل کی 6 فرنچائز کے کنٹریکٹ دسمبر میں ختم ہو رہے ہیں۔ اب پی ایس ایل فرنچائزز کی تعداد 8 ہونے جا رہی ہے۔ اس حوالے سے نومبر کے پہلے ہفتے میں اشتہار جاری کیا جائے گا، کئی غیرملکی اور ملکی شخصیات ٹیم خریدنے میں دلچسپی رکھتی ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مستقبل میں فرنچائز کو اوپن بڈنگ میں جانا پڑے گا یا فیس میں اضافہ قبول کرنا ہوگا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ رپورٹ کی بنیاد پر 10 سالہ نیا فرنچائز معاہدہ ٹیموں کی نظر ثانی شدہ مارکیٹ ویلیو پر تیار ہو گا۔ چارٹرڈ فرم چند روز میں کام مکمل کر لے گی۔ موجودہ ٹیموں میں سے صرف اہل ٹیمیں ہی نئی بولی کا حصہ بن پائیں گی۔ ذرائع کے مطابق فنانشل ماڈل کے تحت رقم کا تبادلہ ڈالر کی بجائے پاکستانی روپے میں کرنے پر غور ہورہا ہے۔ نئی فرنچائز کے مالکانہ حقوق بھی پاکستانی روپے میں دیے جائینگے۔ آئندہ ایک ہفتے میں کنٹریکٹ رینیول ڈرافٹ بنا کر فرنچائزز کو بھیجیے جائینگے۔ کنٹریکٹ تسلیم نہ کرنیوالی فرنچائزز اوپن بڈ میں جائیگی۔ 2015 میں کراچی کنگز 2.6کروڑ ڈالرز، لاہورقلندرز 2.5 کروڑ ڈالرز، پشاورزلمی 1.6 کروڑ ڈالر ز میں خریدی گئی تھی۔ اسلام آبادیونائیٹڈ 1.5 کروڑ ڈالرز اور کوئٹہ 1.1 کروڑ ڈالر میں خریدی گئی 2017 میں ملتان سلطانز 6.35 کروڑ ڈالرز سالانہ فیس پر خریدی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق موجودہ فرنچائزز کی فیس میں بھی بڑا اضافہ ہونے والا ہے، ممکن ہے بعض مالکان ری بڈنگ میں جانے پر غور کریں۔