کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں سابق کپتان بابر اعظم کی واپسی کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تیسرے نمبر پر کھیلیں گے۔ امید ہے کہ بابر اعظم پاکستان ٹیم میں واپسی شاندار انداز میں کریں گے۔ اتوار کو پنڈی اسٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم نے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ اس موقع پر پریس کانفرنس میں مائیک ہیسن نے کہا کہ فخر زمان کو آرام دیا گیا ہے۔ تاکہ ون ڈے میں فریش ہو کر آئیں۔ فخر زمان کو فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھیج دیا ہے۔ انہیں ٹی ٹوئنٹی سے تھوڑا سا وقفہ دیا ہے۔ محمد حارث کو کئی مواقع دیے لیکن وہ فائدہ نہ اٹھا سکے۔ میں کبھی نہیں کہوں گا کہ حارث کا کیریئر ختم ہو گیا ہے۔ اسے بیٹنگ کے ساتھ یقینی طور پر بہت کام کرنا ہوگا ۔ عثمان خان اسپن کے بہت اچھے کھلاڑی ہیں، سری لنکا میں ورلڈکپ میں اسپن کھیلنا بہت اہم ہوگا ۔ جنوبی افریقہ ایک خطرناک ٹیم ہے، ورلڈ کپ کے لئے پندرہ کھلاڑی ذہن میں ہیں، ایک دو جگہ کیلئے مختلف کھلاڑیوں میں مقابلہ ہے ۔ ایشیا کپ فائنل میں شکست پر مایوسی ہوئی۔ جو اسکواڈ کا حصہ نہیں انہیں ڈومیسٹک کرکٹ پر فوکس کرنا چاہیے ۔ صفیان مقیم کو فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپس بھیجا ہے۔