کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشین یوتھ گیمز والی بال میں پاکستان نے چین کو شکست دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ پاکستان سیمی فائنل میں انڈونیشیا سے مقابلہ ہوگا۔ ایتھلیٹکس میں پاکستان کے محمد بہرام اور محمد حسین ڈسکس تھرو میں ناقص پر فار منس کے بعد فائنل مقابلوں سے باہر ہوگئے، گرلز 200میٹر کی دوڑ میں پاکستانی کی اقراء ریاض نے تیسری ہیٹ جیتی لیکن اس کے بعد ان کا سفر ختم ہوگیا۔ گالف کے تیسرے راؤنڈ میں پاکستان کے عثمان اذان اور ماجد شمشیر ناکام رہے ۔ بوائز ٹیم ایونٹ میں پاکستانی ٹیم کوئی بہتر کار کردگی نہ دکھاسکی، خواتین گالفرز بھی بہتر ثابت نہ ہوسکیں۔ تائی کوانڈو 63کے جی کے راؤنڈ32 میں پاکستان کے ایس عبداللہ کو بھارت کے نہال دیوالی نے زیر کیا۔ دریں اثنا چین نے میڈلز کی نصف سنچری مکمل کر لی اس کے میڈلز کی تعداد62 ہوگئی ہے، اس نے 31 گولڈ، 22 سلور اور 9 برانز میڈلز جیت لیے ہیں۔ ازبکستان دوسرے ، تھائی لینڈ تیسرے، ایران چوتھے اور قازقستان پانچویں نمبر پر ہے۔