کراچی(اسٹاف رپورٹر) قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ کے تیسرے دن فیصل آباد نے فاٹا کو اننگز اور 213 رنز سے شکست دے دی۔ مرغزار کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں فاٹا کی ٹیم فیصل آباد کیخلاف اپنی دوسری اننگز میں 58 پر ڈھیر ہوگئی ۔ اسد رضا نے چار اور جہانداد خان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ فاٹا نے پہلی اننگز میں 191جبکہ فیصل آباد نے 462 رنز اسکور کیے تھے۔ایبٹ آباد میں لاہور وائٹس کراچی بلوز کے 424 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں 456 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ طیب طاہر نے 108 ، علی زریاب آصف 91 ، عمرصدیق 86 اور حسین طلعت نے 57 رنز بنائے ۔ کراچی بلوز نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 103 رنز بنائے تھے۔ سعد بیگ 59 رنز بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں ملتان کی ٹیم بہاولپور کیخلاف 462 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عمران بٹ 113 ، نویں نمبر پر بیٹنگ کرنے والے عامر یامین نے 100 اور وقارحسین نے 57رنز بنائے۔ محمد عزب نے130 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔عمران خان اسٹیڈیم پشاورمیں ایبٹ آباد کی ٹیم 181 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔ نیاز خان اور افتخار احمد نے چار چار وکٹیں لیں ۔ پشاور نے دوسری اننگز 194 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کردی۔ وقار احمد 100 اور نبی گل نے 52 رنز ناٹ آؤٹ بنائے ۔ ایبٹ آباد نے 462 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بغیر کسی نقصان کے10 رنز بنائے تھے۔ شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں سیالکوٹ نے دوسری اننگز 7 وکٹ پر 246 رنز بناکر ڈیکلیئر کردی۔ کلیم دل نے چار وکٹیں لیں ۔ اسلام آباد نے 468 کے ہدف کے جواب میں 3 وکٹوں پر 107 رنز بنائے تھے۔