کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے بعد سری لنکا سے خالی ہاتھ لاہور واپس پہنچ گئی۔ ہیڈ کوچ محمد وسیم نے سوشل میڈیا پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ہم توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھا سکے۔ اس دوران کہا جارہا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے انہیں ذمے داریوں سے سبکدوش کردیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق بورڈ نے محمد وسیم کو نیا کنٹریکٹ نہ دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ انہیں گذشتہ سال خواتین ٹیم کا ہیڈ کوچ بنایا گیا تھا ۔ محمد وسیم کی کوچنگ میں پاکستانی ویمن ٹیم مسلسل زوال پذیر ہوئی، بورڈ کی مکمل سپورٹ ملی، ٹیم سلیکشن اورمرضی سے سپورٹ اسٹاف کی تقرری کی لیکن نتائج دینے میں ناکام رہے، تمام تر دعوؤں کے برعکس ٹیم ورلڈ کپ کا کوئی میچ نہ جیت سکی۔ ان کی جانب سے کھلاڑیوں کو کوچنگ نہ کرنے کی شکایت بھی سامنے آئی۔ وسیم خود بیٹر تھے لیکن ٹیم کی بیٹنگ کمزور ترین ہو گئی، وسیم کا رویہ اکھڑ مزاج رہا، بولنگ اور بیٹنگ کوچ سمیت کھلاڑیوں سے بھی ان کی نہ بن سکی۔ ٹیم کی فیلڈنگ بھی بہتر نہ ہو پائی، ورلڈ کپ میں ڈھیروں کیچ ڈراپ ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے ہفتے نئے ہیڈ کوچ کی تقرری کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم 7 میں سے ایک بھی میچ نہ جیت سکی، 4 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 3 میچز بارش کی وجہ سے بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو ئے۔