کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف کی مداخلت پر وزرات بین الصوبائی رابطے نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کو ایشین یوتھ گیمز میں حصہ لینے والے پاکستانی دستے کے تمام ارکان کو بحرین جانے کی اجازت دے دی۔مقابلے بدھ سے شروع ہوں گے۔ پی ایس بی نے گیمز کے لئے 53رکنی دستے کی منظوری دی تھی جن میں صرف آٹھ کھیل شامل تھے، جبکہ پی او اے نے 103رکنی دستے کو حتمی شکل دی تھی ۔تنازع کےبعد پاکستان اولمپکس کے صدر عارف سعید نے براہ راست وزیر اعظم شہباز شریف سے رابطہ کیا تھا ، جس پر وزیر اعظم نے بین الصوبائی وزارت کے وزیر رانا ثناء اللہ کو معاملہ حل کرنے کی ہدایت کی جس نے تمام کھلاڑیوں کو این او سی جاری کرنے کے لئے پی ایس بی حکام کو ہدایت کی ۔