نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارتی افواج نے سری نگر پر غیر قانونی قبضہ کیا ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں یومِ سیاہ کے موقع پر جاری اپنے بیان میں اُنہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کے سیاہ دن کو یاد رکھا جائے گا۔
نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارتی قبضے کے 78 برس بعد بھی کشمیری عوام ظلم و جبر کا شکار ہیں، بھارت نے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل کی قراردادوں کی پاسداری کے عزم پر قائم ہے، پاکستان نے عالمی برادری سے کشمیر کے مسئلے کے حل میں کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ بھارت کے 5 اگست 2019ء کے غیرقانونی اقدامات نے کشمیریوں کی مشکلات بڑھادیں، غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل جاری کر کے بھارت آبادی کا تناسب بدل رہا ہے، بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی اداروں کے ریکارڈ کا حصہ ہیں۔
اِن کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد بہادری اور استقامت کی علامت ہے، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کی آواز بلند کرتا رہے گا۔