کابل/اسلام آباد (نیوزڈیسک )استنبول مذاکرات میں افغانستان اور پاکستان کے درمیان وسیع تر اتفاقِ رائے طے پا گیا۔ذرائع نےافغان نشریاتی ادارے طلوع نیوز کو بتایا ہے کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان جاری مذاکرات میں زیادہ تر معاملات پر اتفاقِ رائے ہو چکا ہے جبکہ چند باقی موضوعات پر حتمی فیصلہ پیرکو بات چیت کے اختتام تک متوقع ہے‘امکان ہے کہ بات چیت رات گئے تک جاری رہے گی۔ذرائع کے مطابق مذاکرات کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ جاری ہونے کی توقع ہے جس میں جنگ بندی میں توسیع، راستوں کی دوبارہ بحالی، خیرسگالی کے طور پر بعض قیدیوں کی رہائی، اگلے اجلاس کا شیڈول، اور کئی دیگر امور شامل ہوں گے۔ طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے مذاکرات کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ کشیدگی میں پہل پاکستان نے کی ‘افغانستان نے صرف ردِعمل ظاہر کیا‘ذبیح اللہ مجاہد نے دوحہ میں ہونے والے پہلے دورِ مذاکرات کو ایک مثبت قدم قرار دیا اور استنبول میں جاری موجودہ مذاکرات کے بارے میں کہا کہ وہ ان کے نتائج کے منتظر ہیں۔ان کا مزیدکہناتھاکہ ہم نے ہمیشہ مذاکرات کی حمایت کی ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔