• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قوانین کی خلاف ورزی کا "جنگل" کراچی، "ای چالاننگ" کا محدود سلسلہ شروع

کراچی( افضل ندیم ڈوگر) ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے حوالے سے جنگل بنے شہر کراچی میں خدا خدا کر کے جدید کیمروں سے ای چالان کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی مرحلے کراچی ساؤتھ کے صرف چند علاقوں میں ٹریفک قوانین کی کل 59 خلاف ورزیوں میں سے 23 خلاف ورزیوں پر جرمانے ہوں گے۔ پنجاب، بلوچستان، کے پی کے، کشمیر، غیرممالک یا جعلی نمبر پلیٹ لگی گاڑیاں کیمروں کی پکڑ میں نہیں آسکیں گی۔ کیمرے بلا تفریق قانون شکنوں کو پکڑیں گے مگر کس کو چالان گھر بھیجنا ہے اور کس کو بچانا ہے یہ ثواب دیدی اختیار بھی فی الحال چالاننگ افسر کی شکل میں انسانی ہاتھ تلے رکھا گیا ہے۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کے ہاتھوں سینٹرل پولیس آفس میں منصوبے کے افتتاح کے بعد پولیس نے ای چالان شروع کر دیے ہیں۔ اس نمائندے نے سی پی او کراچی اور ڈی ائی جی ٹریفک افس میں قائم فیس لیس ای ٹکٹنگ سینٹر کا دورہ کیا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے چالان کرنے کے لائیو سلسلے کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک آفس کے ڈی ایس پی ایڈمن کاشف ندیم نے بتایا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے مجموعی طور پر 59 خلاف وردیوں کے پر جرمانے کیے جاتے ہیں مگر نئے سسٹم کے تحت انتہائی ضروری 23 خلاف ورزیوں پر کیمروں سے شواہد کے ساتھ جرمانے کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ کاشف ندیم کے مطابق ان میں سیٹ بیلٹ نہ پہننا، موبائل فون کے استعمال، اوور سپیڈنگ، سگنل توڑنا، لائن کی خلاف ورزی، ہیلمٹ کے بغیر، مخالف سمت ڈرائیونگ، غیر قانونی پارکنگ، اچانک لائن تبدیلی، اوور لوڈنگ، سیاہ شیشے، فینسی نمبر پلیٹس، مسافروں کو چھت پر بٹھانا وغیرہ کی خلاف ورزیوں پر فوری اور بھاری جرمانے کئے جارہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں کاشف ندیم نے بتایا کہ فی الحال کیمروں سے خلاف ورزیوں کی تصاویر ازخود پولیس کے سسٹم میں موصول ہوتی ہیں۔ جس پر ڈیوٹی پر موجود مجاز افسر گاڑی کے مالک کے پتہ جات اور دیگر تفصیلات حاصل کرکے چالان جاری کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہری یہ چالان موصول ہوتے ہی ایزی پیسہ بینک یا دیگر طریقوں سے ادا کر سکتے ہیں ایک سوال کے جواب میں ڈی ایس پی نے بتایا کہ فی الحال صرف سندھ کی رجسٹرڈ گاڑیوں کے چالان کیے جا سکتے ہیں۔ پنجاب، بلوچستان، کے پی کے، کشمیر، غیر ممالک میں رجسٹرڈ یا جعلی نمبر پلیٹس کی گاڑیوں کے چالان ممکن نہیں۔ ایسی خلاف ورزیاں سسٹم کے سیف پول میں رکھی جائیں گی آگے چل کر جب مختلف صوبائی گورنمنٹ سے معاہدوں کے بعد دیگر صوبوں کے سسٹم سندھ کے ساتھ ان لائن ہوں گے تو ان گاڑیوں کے بھی چالان کیے جا سکیں گے۔
اہم خبریں سے مزید