کراچی( رپورٹ/ اخترعلی اختر ) امیتابھ بچن کی نواسی نویا نوویلی نندانے کہا ہے کہ اداکاری کبھی میری خواہش نہیں تھی، میری دلچسپی کسی اور شعبے میں ہے، مجھے ہمیشہ اپنے والد اور انکے کام میں دلچسپی رہی، جب وہ کام سے واپس آتے تھے، تو میں ان سے انکے کام کے بارے میں بات کرتی تھی اور میرے لیے وہ سب کہیں زیادہ دلچسپ تھا۔ نویا نوویلی نندا، جو بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن اور جیا بچن کی نواسی اور شویتا بچن نندا کی بیٹی ہیں، اکثر اپنی سماجی فلاحی سرگرمیوں اور ایم بی اے کے عزائم کے باعث سرخیوں میں رہتی ہیں۔ نویہ نے بتایا کہ انہوں نے فلمی دنیا سے دور رہنے اور کاروبار و سماجی خدمت کے میدان میں اپنا راستہ بنانے کا فیصلہ کیوں کیا۔فلموں کی جانب کیوں نہیں آئیں، اس بارے میں نویہ نے دیانتداری سے بتایا کہ نہیں، کبھی نہیں۔ مجھ سے اکثر یہ سوال پوچھا جاتا ہے اور مجھے سمجھ نہیں آتی کیوں۔ میرے والدین نے ہمیشہ مجھے سکھایا کہ کوئی بھی کام تبھی کرو جب تم اس کیلئے مکمل طور پر پُرجوش، پُراعتماد، اور دل سے اس کو کرنا چاہو۔ اداکاری کبھی میری خواہش نہیں تھی۔ نیویا کا کہنا ہے کہ انہوں نے کاروبار کی بنیاد سے کام شروع کیا، فیکٹری میں وقت گزارا، پھر ادارتی دفتر میں آئیں تاکہ مکمل طور پر اس کی سمجھ بن سکے۔