اسلام آباد(رپورٹ:،رانامسعود حسین)پی ٹی آئی نے عمر ایوب کی نا اہلی کے خلاف اپیل واپس لے لی]،شبلی فراز کی عوامی عہدہ کیلئے نااہل قراردینے کے نوٹیفکیشن کیخلاف دائراپیل کی ابتدائی سماعت ، فریقین کو نوٹس جاری ، سپریم کورٹ کے آ ئینی بینچ نے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما و قومی اسمبلی کے سابق اپوزیشن لیڈر، عمر ایوب خان کو، الیکشن کمیشن کی جانب سے انہیں عوامی عہدہ کیلئے نااہل قراردئیے جانے کے نوٹیفکیشن کے خلاف دائر اپیل واپس لینے کی اجازت دے دی جبکہ سینٹ کے سابق اپوزیشن لیڈر شبلی فراز کی الیکشن کمیشن کی جانب سے انہیں عوامی عہدہ کے لئے نااہل قراردئیے جانے سے متعلق جاری نوٹیفکیشن کیخلاف دائراپیل کی ابتدائی سماعت کے بعد فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ، سینئر جج،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل،جسٹس محمد علی مظہر،جسٹس سید حسن اظہر رضوی اورجسٹس شکیل احمد پر مشتمل پانچ رکنی آئینی بینچ نے پیر کو عمر ایوب خان اور شبلی فراز کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت، فیصل آباد کی جانب سے ان کی عدم پیشی پرʼʼدس دس سال تک قید بامشقت ʼʼکی سزا اور ʼʼعدالتی بھگوڑےʼʼ قراردئیے جانے کی بناء پر الیکشن کمیشن کی جانب سے پارلیمنٹ کی نشستوں سے ڈی سیٹ کرنے کے نوٹیفکیشن کے اجراء اور پانچ پانچ سال کیلئے عوامی عہدوں کیلئے نا اہل قراردینے کے حکمنامہ سے متعلق مقدمہ میں پشاور ہائیکورٹ کے عبوری فیصلے کیخلاف دائر کی گئی اپیلوں کی سماعت کی تو،اپیل گزاروں کی جانب سے بیرسٹر گوہر علی خان ایڈووکیٹ پیش ہوئے اورموقف اختیار کیا کہ اپیل گزار ، عمر ایوب خان اپنی اپیل واپس لینا چاہتے ہیں، ان کی خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست پر انکی اہلیہ الیکشن لڑیں گی۔