مورو ( بشير احمد لغاری / نامہ نگار ) مورو کے قریب تھانہ درس کے علاقے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم این اے ذوالفقار علی بہن کے گھر ڈکیتی کر کے کروڑوں روپے کا سامان لوٹ لیا گیا۔ نامعلوم مسلح افراد نے گھر میں گھس کر اہل خانہ کو یرغمال بنا لیا۔ وہ گھر میں رکھی نقدی، سونا، زیورات، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان لے گئے۔ انہوں نے گھر میں کھڑی ویگو گاڑی بھی چوری کر لی۔ مسلح افراد چوری کی ویگو گاڑی کو تھانہ درس کی حدود میں چھوڑ گئے۔ اطلاع ملنے پر ایس ایس پی نوشہرو فیروز میر روحل خان کھوسو اور پولیس کی بھاری نفری شہادتیں لینے کے لیے کرائم سین یونٹ پہنچ گئی اور گھر اور گھر کے باہر مکمل تفتیش کی گئی۔ علاوہ ازیں مورو اور سندھ کے مختلف اضلاع سے ایم این اے، ایم پی اے، مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات اور اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں پہنچ کر ایم این اے کے ذوالفقار علی بھن سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ایم این اے ذوالفقار علی نے کہا کہ یہ واقعہ میری غیر موجودگی میں پہلی بار میرے گھر پر پیش آیا ہے۔ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے اور نہ ہی کوئی کسی جرم میں ملوث رہا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ پولیس تفتیش میں ہمارے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے اور اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مجھ سے رابطہ کیا ہے اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے، مجھے یقین دلایا ہے کہ ملزمان کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔