اسلام آباد ( قاسم عباسی)وزیرِ اعظم آفس کی واضح ہدایات کے باوجود پنجاب میں غیر قانونی بیٹنگ (جوئے) کے اشتہارات والے بل بورڈز بدستور آویزاں ہیں اور انہیں اب تک ہٹایا نہیں جا سکا۔ وزیرِ اعظم آفس کو توقع ہے صوبا ئی حکومت وفاق کی زیرو ٹالرینس پالیسی" پر مکمل عمل درآمد کرے گی۔ سرسرکاری ذرائع کے مطابق، وزیرِ اعظم نے چیف سیکرٹری پنجاب کے ذریعے صوبائی حکومت کو ہدایت کی تھی کہ وفاقی دارالحکومت میں اسی نوعیت کے اشتہارات کا نوٹس لینے کے بعد تمام غیر قانونی بیٹنگ اشتہارات فوری طور پر ہٹا دیے جائیں۔ تاہم، پنجاب میں اب تک کوئی قابلِ ذکر کارروائی نہیں ہوئی، اور لاہور سمیت بڑے شہروں میں یہ بیٹنگ سے متعلق اشتہارات بدستور دکھائی دے رہے ہیں۔جب دی نیوز نے اس معاملے پر پنجاب کی وزارتِ اطلاعات کے متعلقہ حکام سے تبصرہ حاصل کرنے کی کوشش کی تو بار بار رابطے کے باوجود کوئی جواب نہیں دیا گیا۔وفاقی حکومت نے یہ معاملہ اُس وقت اٹھایا جب دی نیوز نے جمعے کے روز ایک رپورٹ شائع کی جس کا عنوان تھا جوئے کے بل بورڈز اسلام آبا د پہنچ گئے۔