• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈکی بھائی کی تفتیش کرنے والے افسران 90 لاکھ روپے رشوت کے الزام میں زیر تفتیش

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستانی یوٹیوبر سعدالرحمٰن المعروف ڈکی بھائی کا کیس سلجھتے سلجھتے مزید الجھ گیا، ان کی تفتیشی ٹیم ہی پکڑی گئی۔

پہلے ڈرامہ یوٹیوب پھر معاملہ عدالت، ڈکی بھائی کی زندگی میں سب کچھ ٹرینڈنگ رہتا ہے مگر اب یوٹرن آگیا ہے، پہلے جو ڈکی بھائی کی تفتیش کر رہے تھے اب خود تفتیش کے شکنجے میں آگئے ہیں۔

ڈکی بھائی کے خلاف تحقیقات میں این سی سی آئی اے کے متعدد افسران کی بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔

ایف آئی اے (فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی) نے نیشنل سائبر کرائم اتھارٹی (این سی سی اے) کے 4 افسران سمیت 6 اہلکاروں کو 90 لاکھ روپے رشوت کے الزام میں گرفتار کر لیا۔

ان پر الزام یہ ہے کہ ڈکی بھائی اور اُن کی اہلیہ عروب جتوئی کو ریلیف دلوانے کے عوض بھاری رقم لی گئی۔

ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شعیب ریاض نے مبینہ طور پر ڈکی بھائی اور ان کے اہل خانہ سے 90 لاکھ روپے بطور رشوت وصول کیے، تاکہ ملزم پر ہلکا ہاتھ رکھا جائے، ریمانڈ نہ بڑھایا جائے اور سب سیٹ کر دیا جائے۔

تحقیقیات میں انکشاف ہوا کہ یہ سب کچھ ایک چھوٹے منظم ڈیجیٹل نیٹ ورک کے ذریعے ہوا، کسی نے چیک بانٹے، کسی نے ڈالر رکھے تو کسی نے دوستوں کے ذریعے رقم چھپائی۔

ایف آئی ار کے مطابق شعیب ریاض نے 20 لاکھ روپے خود رکھے جبکہ 50 لاکھ روپے ڈپٹی ڈائریکٹر کے دوست کے پاس اور باقی رقم فرنٹ مینوں اور سینئر افسران میں تقسیم کر دی گئی۔

سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈکی بھائی پر جو کیس چل رہا تھا، وہ بھی جوا ایپس کی تشہیر سے متعلق تھا یعنی پہلے جوا اور پھر رشوت، جن ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ان میں این سی سی آئی اے ایڈیشنل ڈائریکٹر سرفراز چوہدری، ڈپٹی ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز جبکہ این سی سی آئی اے کے ہیڈکوائٹر میں تعینات ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن اور ڈپٹی ڈائریکٹر بھی شامل ہیں۔ 

اس کے علاوہ 2 سب انسپکٹر اور 1 شہری عثمان عزیز بھی اس مقدمے میں نامزد ہیں۔

مقدمے کی ایف آئی آر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دوران تفتیش یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ ملزم شعیب ریاض نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے ڈکی بھائی کے اہل خانہ سے اپنے فرنٹ میِن عثمان، سلمان، عزیز اور ڈکی بھائی کے وکیل کے ساتھ مل کر اگست میں پہلے 60 لاکھ روپے اور پھر 10، 10 لاکھ کے 3 چیک وصول کیے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید