قومی ایئرلائن پی آئی اے کی انتظامیہ کی جانب سے لندن میں مقیم اوور سیز پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ میٹ اینڈ گریٹ تقریب اور پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب کا مقصد قومی ایئرلائن کی برطانیہ میں بحالی، کمیونٹی کے ساتھ روابط کے فروغ اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلۂ خیال تھا۔
تقریب میں قومی ایئرلائن کے سینئر افسران ممبر بورڈ اور ڈائریکٹر نوشیروان عادل مہمانِ خصوصی تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج قومی ایئرلائن اور پاکستان دونوں کے لیے خوشیوں کا دن ہے۔ مانچسٹر سے ہماری پروازوں کا کامیاب آغاز ہوچکا، جلد ہی برمنگھم اور لندن سے بھی پروازیں شروع ہوں گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ معذور مسافروں کے لیے خصوصی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ انھیں سفر میں دشواری نہ ہو۔
کنٹری منیجر نادیہ گل نے کہا کہ ہمیں یقین ہے اوورسیز پاکستانیوں کے تعاون سے قومی ایئرلائن ایک بار پھر دنیا کے آسمانوں پر اپنا پرچم بلند کرے گی۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں کو یادگاری سووینئرز پیش کیے گئے۔